سلطان محمود غزنوی رحمة اللہ

سلطان محمود غزنوی رحمة اللہ علیہ

کے درباریوں نے انہیں یہ شکایت لگائی کہ بادشاہ سلامت! ایاز کی ایک الماری ہے۔ یہ اس الماری کو تالا لگا کر رکھتا ہے، وہ روزانہ اس الماری کو کھول کر دیکھتا ہے اور کسی دوسرے بندے کو دیکھنے نہیں دیتا۔ ہمارا خیال ہے کہ اس نے آپ کے خزانے کے قیمتی ہیرے اور موتی اس کے اندر چھپا کر رکھے ہوئے ہیں۔ آپ ذرا اس کی تلاشی لیجیئے۔ جب بادشاہ کو یہ شکایت لگائی گئی تو بادشاہ سلامت نے اسی وقت ایاز کو بلوایا اور کہا؛ ایاز! کیا تمہاری الماری ہے؟ اس نے کہا جی ہے۔ پوچھا کیا اسے تالا لگا کر رکھتے ہو؟ اس نے کہا جی ہاں۔ پوچھا کسی اور کو دیکھنے دیتے ہو؟ عرض کیا جی نہیں۔ پھر پوچھا کیا تم خود اسے روزانہ دیکھتے ہو؟ عرض کیا جی ہاں۔ پھر بادشاہ نے فرمایا کہ چابی لاؤ۔ ایاز نے چابی دے دی۔ بادشاہ نے کسی بندے کو بھیجا کہ جاؤ اس الماری میں جو کچھ موجود ہے وہ لا کر یہاں سب کے سامنے پیش کر دو۔ وہ حاسدین بڑے خوش ہوئے کہ دیکھو اب اس کی حقیقت کھل جائے گی، جب اس کی چوری کا سامان سامنے آئے گا اور بادشاہ ابھی اس کو یہاں سے دھکے دے کر نکال دے گا۔ اللہ کی شان کہ جب وہ بندہ واپس آیا تو اس نے آ کر بادشاہ کے سامنے تین چیزیں رکھ دیں، ایک پرانا جوتا اور پرانا تہبند اور ایک پرانا کرتا۔ بادشاہ نے پوچھا اس میں کچھ اور نہیں تھا؟ اس نے کہا جی نہیں، یہی کچھ تھا۔ بادشاہ نے کہا؛ ایاز اس میں تو کوئی ایسی قیمتی چیز نہیں ہے جسے تم تالے میں بند کر کے رکھو اور کسی دوسرے کو دیکھنے بھی نہ دو اور کوئی ایسی چیز بھی نہیں کہ جسے تم روزانہ آ کر دیکھا کرو کہ ٹھیک ہے یا نہیں۔ اس نے کہا؛ بادشاہ سلامت بات یہ ہے کہ میرے نزدیک یہ بہت قیمتی ہیں۔ بادشاہ نے پوچھا؛ بھئی وہ کیسے؟ اس نے کہا؛ بادشاہ سلامت! وہ اس لئے کہ جب میں آپ کے دربار میں پہلی مرتبہ آیا تھا تو یہ جوتے پہنے ہوئے تھے، یہ تہبند باندھا ہوا تھا اور کرتا پہنا ہوا تھا۔ میں نے ان تینوں چیزوں کو محفوظ کر لیا تھا۔ اب میں روزانہ الماری کھول کر ان کو دیکھتا ہوں اور اپنے نفس کو سمجھاتا ہوں کہ ایاز تمہاری اوقات یہی تھی، تم اپنی اوقات نہ بھولنا، اب تمہیں جو کچھ ملا ہے یہ سب تمہارے بادشاہ کا تم پر احسان ہے۔ لہذا تم اپنے بادشاہ سلامت کا احسان سامنے رکھنا۔ بادشاہ سلامت! اس طرح مجھے اپنی اوقات یاد رہتی ہے کہ میں کیا تھا اور مجھے بادشاہ کے قرب نے کیا کیا عزتیں بخشیں ۔۔۔ کاش ہماری بھی یہی کیفیت ہو جاتی کہ ہم اللہ رب العزت کی نعمتوں کا پاس رکھتے اور اپنی اوقات کو یاد رکھتے۔ ہمیں تو ذرا سا کچھ مل جاتا ہے تو سب سے پہلے اپنی اوقات کو بھولتے ہیں۔ پھر اللہ کو بھول جاتے ہیں اور لوگوں میں بڑے فخر سے بتاتے ہیں کہ یہ سب کچھ ہماری محنت کی کمائی ہے ۔ اس مالک کا جس نے سب کچھ دیا، شکر ادا کرنا تک بھول جاتے ہیں .. اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ ہمیں شکر ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے..!! آمین

Enjoyed this article? Stay informed by joining our newsletter!

Comments

You must be logged in to post a comment.

About Author